تازہ ترین
ہمدرد فاؤنڈیشن (وقف) پاکستان کے فلاحی منصوبے
ہمدرد فاؤنڈیشن ( وقف) پاکستان کے بانی حکیم محمد سعید شہید کے بارے میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ انہوں نے عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد جتنے سانس لئے انسانی فلاح و بہبود کے لیے اتنے ہی کام کئے

ہمدرد فاؤنڈیشن (وقف) پاکستان کے فلاحی منصوبے 
اصغر علی کھوکھر
ہمدرد فاؤنڈیشن ( وقف) پاکستان کے بانی حکیم محمد سعید شہید کے بارے میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ انہوں نے عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد جتنے سانس لئے انسانی فلاح و بہبود کے لیے اتنے ہی کام کئے جس کا ثبوت حفظان صحت اور تعلیم کے فروغ کے علاوہ سماجی
خدمت کے منصوبوں کا ملک بھر میں ان کا بچھایا ہوا جال ہے ، جن سے ہزاروی لوگ بلواسطہ یا بلا واسطہ استفادہ اٹھا رہے ہیں ۔ اس اعتبار سے ہمدرد فاؤنڈیشن ( وقف ) پاکستان کا شمار وطن عزیز کے ان گنے چنے اداروں میں ہوتا ہے جن کی اعلیٰ کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ مضبوط اور شہرت ساتویں آسمان پر ہے کہ ایسے سب ادارے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق بلا تفریق ذات پات اور مزہب و مسلک عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔
یہ بات خوش آئند ہے کہ حکیم محمد سعید شہید کے بعد ان کی دختر نیک اختر محترمہ آپا سعدیہ راشد نہ صرف یہ کہ اپنے والد گرامی کے انسانی خدمت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ ان اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال بنانے پر توجہ مبذول کئے ہوے ہیں ۔ یہ آپا سعدیہ راشد کی شبانہ روز مخلصانہ محنت کا نتیجہ ہے کہ ہمدرد فاؤنڈیشن (وقف) پاکستان کے تمام ادارے ہر گزرتے دن کے ساتھ وسعت پذیر ہیں ۔
حفظان صحت کی ہی بات کی جائے تو لاہور ، کراچی، پشاور اور راولپنڈی سمیت متعدد مقامات پر عوام کو موسمی اور دائمی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے طبی کیمپوں کے انعقاد سے ہزاروں لوگوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے ۔ ان طبی کیمپوں میں ادارے کے مستند معالج مریضوں کے تفصیلی معائنے اور مرض کی تشخیص کے بعد ادویات فراہم کرتے ہیں ۔ ایسے موقع پر موسم کی شدت کم کرنے کے لیے مریضوں اور ان کے لواحقین کی ٹھنڈے مشروبات سے خاطر مدارت بھی کی جاتی ہے ۔
حالیہ دنوں لاہور اور کراچی سمیت کئی جگہوں پر لگائے گئے کیمپوں میں ہیٹ ویو سے متاثر اور ٹی بی ایسی جان لیوا بیماری میں مبتلا سیکڑوں حضرات کے معائنے کے بعد ان کا علاج کیا گیا ۔ ٹی بی کے علاج کے لیے لگائے گئے کیمپوں کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے بھرپور معاونت کی ۔
اس موقع پر معالج حضرات نے ٹی بی سے نجات کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے خصوصی مشورے بھی دئے اور مریضوں کو بتایا کہ اس جان لیوا مرض کے اثرات انسانی پھیپھڑوں تک ہی محدود نہیں رہتے بلکہ جسم کے دیگر حصوں کو بھی متاثر کرتے ہیں ۔ یہاں تک کہ مسلسل کھانسی مریض کے وزن میں کمی، جسم میں کمزوری اور بھوک نہ لگنے سمیت طویل عرصے تک صحت کے کئی گمبھیر مسائل کا باعث بنی رہتی ہے ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ مریض علاج میں کوتاہی نہ کرے ، مسلسل اپنے معالج سے رابطے میں رہے اور اس کی ہدایات کی روشنی میں نہ صرف اپنے علاج پر توجہ دے بلکہ ان تمام اشیائے خورو نوش کے استعمال سے پرہیز کرے جن سے ڈاکٹر نے منع کیا ہو اس لئے کہ علاج سے پرہیز پہتر ہے ۔
معالجین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو چاہیے کہ پنجاب حکومت کے ٹی بی کنٹرول پروگرام سے استفادہ کریں تاکہ وطن عزیز کا ہر شہری اور اس کے لواحقین اس مرض سے محفوظ رہیں










