پاک بھارت کشیدہ صورتحال، سول ڈیفنس فعال
محسن نقوی نے پاک بھارت موجودہ کشیدہ صورتِ حال کے تناظر میں سول ڈیفنس کو ہر لحاظ سے فعال کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاک بھارت کشیدہ صورتحال، سول ڈیفنس فعال
محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کا دورہ کیا اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہریوں کے لیے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ڈیفنس کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سول ڈیفنس ادارے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں شہریوں کے لیے آگاہی مہم پورا سال چلنی چاہیے۔ انٹیلی جنس ناکامی چھپانے کے لیے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی صورت میں سول ڈیفنس تیار ہے۔ محسن نقوی نے سینٹرل ڈیسک کے ذریعے صوبائی سول ڈیفنس محکموں سے رابطہ اور تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن کے ساتھ جنگ کے دوران سول ڈیفنس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انچارج سول ڈیفنس عامر خان نے ادارے سے متعلق وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگ کے دوران بھرپور سول سپورٹ کی فراہمی اور عوام کے جذبے کو بڑھانا بھی ادارے کی ذمے داریوں میں شامل ہے۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ امن کے دور میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے شہریوں کے لیے ٹریننگ پروگرامز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے، ہر سال ملک بھر میں سول ڈیفنس کے 10 ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں تقریباً 250 کورسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔