وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس
کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر اردوان نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ ترکیہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش ظاہر کی اور فلسطینی عوام کے حق میں عالمی سطح پر مشترکہ آواز بلند کرنے اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔