ایلوویرا جیل سے جلد کی حفاظت اور ماسک بنانے کے طریقے
خواتین میں اپنی خوبصورتی اور جلد کا خیال رکھنا صدیوں سے چلا آرہا ہے۔ جلد کی نگہداشت کے لئے ایلو ویرا کے پتے کا رس شروع سے ہی بہت اچھا جزومانا جاتا ہے

ایلوویرا جیل سے جلد کی حفاظت اور ماسک بنانے کے طریقے، خواتین میں اپنی خوبصورتی اور جلد کا خیال رکھنا صدیوں سے چلا آرہا ہے۔ جلد کی نگہداشت کے لئے ایلو ویرا کے پتے کا رس شروع سے ہی بہت اچھا جزومانا جاتا ہے۔ اس کے پتوں سے نکلنے والا گودا کاسمیٹکس، ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر اس کی تاریخ کی طرف دیکھا جائے تو پتا چلتا ہے کہ یہ قبل از مسیح مصری تہذیب میں بھی جلد اور جسم کی اندرونی خرابیوں کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ ایلوویرا کے فوائد اس کے لمبے اور رسیلے پتوں میں چھپے ہوئے ہوتیہیں جو ایک لیسدار مادہ کی صورت ہوتی ہے۔ یہ جیل اس کو ایک جادوئی پودا بنا تی ہے۔ جس کا اہم جزو پانی ہے مگر اس کے اندر منرل، وٹامن اور دوسرے بہت سے ایکٹو اجزاء ہوتے ہیں جو اس کوانتہائی فائدہ مند ثابت کرتے ہیں۔اس کے پتوں میں موجود جیل کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس کو آپ جیل،کریم یا ادویات کسی بھی شکل میں استعمال کرسکتے ہیں۔
ایلوویرا کے چہرے پر فوائد:
* آپ کی جلد کے لئے ایک بہترین موسچر رائزر ہے جو جلد کوموسمی خشکی سے بچا کر جلد کو نرم رکھتا ہے۔
* اس کے اندر موجود انٹی بیکٹریل اجزاء چہرے کو کیل مہاسوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
* ایک بہترین قدرتی انٹی آکسی ڈینٹ ہے۔
* اس کا مسلسل استعمال جلد پر بھڑتی عمر کے اثرات کو ختم کرتا ہے۔
* ایلوویرا میں موجود اجزاء اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کی درد اور سوزش کو کم کرتا ہے،اس کو دھوپ سے جلی،کیڑے کے کاٹے،کٹی ہوئی جلد اور زخموں کے علاج کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔
آج ہم اپنے قارئین کی سہولت کے لئے گھر میں ایلوویرا سے کریم یا جیل تیار کرنے کا طریقہ بتائیں گے تا کہ آپ اپنے گھر میں خود سے ایک اچھی کریم تیار کر سکیں، اس بات کا خاص خیال رکھیے گا کہ اگر آپ ایلوویرا جیل کو زیادہ عرصہ تک استعمال کے قابل رکھنا چاہتے ہیں تو اس کو کسی اچھے جار جس میں ہوا نہ جاسکے اور اپنے فریج میں رکھیں۔
گھر میں ایلوویرا جیل کیسے تیار کی جائے؟؟؟

٭ ایلوویرا کے پتوں کا چناؤ کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کے پتوں کا درمیانی حصہ جوسی ہو کیونکہ اس کے اندر ہی جیل ہوتی ہے جس کا آپ کو استعمال کرنا ہے۔
٭ پتوں کو پودے کے انتہائی قریب سے توڑیں۔
٭ پتے کو توڑنے کے بعد اوپر کی طرف سیدھا کر لیں تاکہ اس کے اندر سے ہلکے پیلے رنگ کا مادہ مکمل طور پر نکل آئے۔پتے کو اُس وقت تک اس حالت میں رکھیں جب تک سارہ مادہ باہرنہ آجائے۔
٭ اس کے بعد پتوں کو اچھی طرح سے دھو لیں تاکہ ان پر لگا ہوا باقی ماندہ گودہ بھی اتارہ جا سکے۔
٭ اب پتوں کو کسی بورڈ پر رکھ کر پتوں کو سائیڈ سے کاٹ لیں اور پتوں کے اوپر سبز رنگ کی سطح کو احتیاط سے کاٹ کر اس کے اندر سے جیل کو ٹکڑوں کی شکل میں نکال لیں۔
٭ آپ پتوں کو درمیاں سے آدھا کاٹ بھی سکتے ہیں اور کسی بھی چمچ کی مدد سے جیل کو احتیاط سے نکالا جا سکتا ہے۔
گھر میں ایلوویرا جیل سے فیس ماسک تیار کرنا:
چمکدار جلد کے لئے:
اجزاء: ایلوویراجیل،شہد،دودھ،عرق گلاب
ایک چٹکی ہلدی،ایک چائے کا چمچ شہد،ایک چائے کا چمچ دودھ،چند قطرے عرق گلاب لے کر ایک پیسٹ تیار کرلیں۔ اب اس پیسٹ میں ایلوویرا جیل کو اچھی طرح سے ملا لیں۔اگر آپ نے ایلوویرا جیل کو کیوبز کی شکل میں کاٹا ہے تو اس کو اچھی طرح سے پیسٹ کی شکل میں بلینڈ کرلیں۔ اب اس پیسٹ کو اچھی طرح سے مکس کرلیں اور اپنے چہرے اور گردن پر20منٹ کیلئے اچھی طرح لگا کر چھوڑ دیں اور نیم گرم پانی سے چہرے کو دھو لیں۔
دھوپ سے جلی جلد کو صاف کرنا:
اجزاء: ایلو ویرا، لیموں کا رس
دھوپ سے جلد کا جلنا پاکستان جیسے ملک میں ایک عام بات ہے اور اس سے جان چھڑانا آسان نہیں ہوتا، اس کے لئے ایلوویرا سے تیار کردہ اس پیسٹ کو استعمال کریں فائدہ ہوگا۔
ایلوویرا میں لیموں کارس ملا کر اپنے چہرے پر دس منٹ کے لئے لگا کر چھوڑ دیں دھوپ سے جلی جلد کے لئے یہ ایک بہتریں علاج ہے۔
کیل مہاسے اور دانوں کے نشانات کو ختم کرنا:
اجزاء: ایلوویرا، عرق گلاب
بڑھتی عمر کے نشانات،کیل مہاسے،دانوں کے نشانات،جلے ہوئے یا کسی بھی زخم کے نشانات کا علاج ایلوویرا سے بنی اس پیسٹ سے کیا جاسکتاہے۔
ایلوویرا اور عرق گلاب سے بنی اس پیسٹ کو اپنے چہرے پر بیس منٹ تک لگا رہنے دیں اور بھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔
اس پیسٹ کو آپ اپنے چہرے کے مساج کے لئے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ پیسٹ کو چہرے پر لگا کر دو سے تین منٹ کے لئے اچھی طرح انگلیوں کی پوروں سے مساج کریں۔
جلد کے غیر ضروری مادہ کو صاف کرنا:
اجزاء: ایلوویرا، آم کا گودا،لیموں کارس
ایلو ویرا اور آم کے گودا کو اچھی طرح سے بلینڈ کرلیں اور اس میں لیموں کا رس ڈال کر اپنے چہرے پر بیس منٹ کے لئے اچھی طرح سے مل لیں اور بعد میں پانی سے دھولیں۔
آئلی جلد اور کیل مہاسوں والی جلد کے لئے ماسک:
اجزاء: ایلوویرا کے پتے اورشہد
ایلوویرا کے پتوں کو پانی میں ڈال کر اچھی طرح سے ابال لیں اور ان کوپیس کر ایک پیسٹ کی شکل میں لے آئیں۔اب اس میں شہد ڈال کر اپنے چہرے پر بیس منٹ کے لئے لگا رہنے دیں اور ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ہر ہفتہ اس کا استعمال کریں اور کیل مہاسوں سے پاک جلد پائیں۔

فیس پیک حشک جلد کے لئے:
اجزاء: ایلو ویرا،کھجور،کھیرا،لیموں کا رس اور کاٹج چیز
دو،دو کھانے کے چمچ کاٹج چیز اور ایلوویرا جیل کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں کھٹلی کے بغیر چند کھجوریں،کھیرا اور لیموں کے چند قطرے ڈال کر ایک دفعہ پھر سے اچھی طرح سے پھینٹ لیں۔آپ اس پیسٹ کو زیادہ مقدار میں بھی بنا کر لمبے عرصہ تک فریج میں رکھکر استعمال کر سکتے ہیں۔اس پیسٹ کو اپنے چہرے اور گردن پر آدھے گھنٹے کے لئے لگا رہنے دیں اور ٹھنڈے پانی سے چہرے کو صاف کریں پھر نیم گرم پانی سے دھوئیں اور ایک دفعہ پھر ٹھنڈے پانی سے چہرے کو صاف کر کے خشک کرلیں۔
سکرب مردہ جلد کیلئے:
اجزاء: ایلوویرا،کھیرا،دلیا
ایلوویرا اور کٹے ہوئے کھیرے کو ایک بلنڈر میں ڈال کر اچھی طرح پھینٹ کر اس میں دلیا ڈال لیں اور ان کو اچھی طرح سے مکس کرلیں۔اس کو اپنے چہرے پر لگا کر نرمی سے چہرے کا مساج کریں، اتارنے سے پہلے دس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر اس کو صاف کرلیں۔
بڑی عمر اور خشک والی جلد کے لئے:
اجزاء: ایلو ویرا اور بادام
ایلوویرا جیل میں بادام پیس کر اچھی طرح سے مکس کر لیں اور ایک پیسٹ بنا لیں۔ اپنے چہرے اور گردن پر پندہ سے بیس منٹ کے لئے لگا رہنے دیں اور سادہ پانی سے چہرے کو دھولیں۔