فیڈرل بورڈ کے امتحانات میں ادارہ علومِ اسلامی کی شاندار کارکردگی
اسلام آباد: ادارہ علومِ اسلامی نے فیڈرل بورڈ کے حالیہ امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔

اسلام آباد: ادارہ علومِ اسلامی نے فیڈرل بورڈ کے حالیہ امتحانات میں
نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔
ادارے کے ہونہار طالب علم طلحہ شمس نے انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف ادارے کا نام روشن کیا بلکہ والدین اور اساتذہ کا بھی سر فخر سے بلند کر دیا۔
میٹرک کے امتحانات میں بھی ادارے کے طلباء نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایک طالب علم نے دوسری جبکہ دوسرے طالب علم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جو ادارے کی معیاری تعلیم اور طلباء کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ادارہ علومِ اسلامی 1986 سے دینی و عصری علوم کو ایک ہی چھت تلے جمع کر کے طلباء کی ہمہ جہت تربیت کر رہا ہے۔ ادارے کا الحاق عصری تعلیم میں فیڈرل بورڈ اور پنجاب یونیورسٹی سے ہے، جبکہ دینی تعلیم میں یہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے منسلک ہے۔ ترجمانِ ادارے کے مطابق، ادارہ حفظِ قرآن کریم، چھٹی جماعت سے لے کر ایم اے تک کی عصری تعلیم، اور درسِ نظامی کی مکمل تعلیم فراہم کرتا ہے۔ ادارہ سن 2000 سے فیڈرل بورڈ میں 54 پوزیشنیں حاصل کر کے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
طلحہ شمس کی انٹر میڈیٹ میں دوسری پوزیشن پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ادارہ علومِ اسلامی کے صدر مولانا عبداللہ محمد اقبال صاحب اور ناظم عمومی قاری محبوب الٰہی صاحب کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے ادارے کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اس کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔