
دبئی: ٹی20 ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 93 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمانی ٹیم محض 67 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عمان کی جانب سے حماد مرزا 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عامر کلیم نے 13 اور شکیل احمد نے 10 رنز اسکور کیے۔ باقی کوئی بیٹر دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔ پاکستان کے فہیم اشرف، سفیان مقیم اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد، محمد نواز اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ محمد حارث 66 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، صاحبزادہ فرحان نے 29، فخر زمان نے ناقابلِ شکست 23 اور محمد نواز نے 19 رنز جوڑے۔ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
عمان کے بولرز میں شاہ فیصل اور عامر کلیم نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد ندیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اسی لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم میں اسپنرز اور آل راؤنڈرز کو شامل کیا گیا تاکہ بیلنس قائم رہے۔
پاکستان کی یہ شاندار کامیابی ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے ساتھ ایونٹ میں اس کے سفر کا بہترین آغاز ثابت ہوئی۔