شیر افضل مروت کی تحریک انصاف میں واپسی
تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی پر مشاورت ہوئی ہے۔

شیر افضل مروت کی تحریک انصاف میں واپسی
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے بلانے پر شیر افضل مروت اجلاس میں پہنچے تھے۔ اراکین نے کہا کہ مروت کا بھی مؤقف سنا جانا چاہیے۔ اسد قیصر اور شہریار آفریدی نے شیر افضل کی واپسی پر مؤقف پیش کیا جبکہ شیر افضل کی پارٹی میں واپسی کی تائید نثار جٹ نے بھی کی۔
اجلاس میں شیر مروت نے کہا کہ پارٹی کے اندر سے ہی بیانات آتے ہیں مجبوراً میں جواب دیتا ہوں، پارٹی کے اندر سے کوئی میرے خلاف بیان نہ دے تو میں بھی خاموشی اختیار کروں گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ پارٹی کے اپنے ہی مجھ پر الزامات لگائیں اور بیانات دیں۔
پارلیمانی پارٹی نے شیر افضل مروت سے خاموش رہنے کی درخواست کی، ان سے متعلق پارلیمانی پارٹی اپنا مؤقف عمران خان کے سامنے رکھے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کی اکثریت نے ان کے حق میں بات کی۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ اس حوالے سے اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت کا معاملہ زیرِ بحث آیا، پی ٹی آئی کے فیصلوں کا اختیار عمران خان کو ہے، پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کو سامنے رکھا جائے گا حتمی فیصلہ بانی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار نے کہا کہ شہباز گل اور شہزاد اکبر وزیراعلیٰ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ان کو شوکاز نہ ہوا، شہباز گل ملک سے باہر بیٹھ کر پارٹی رہنماؤں کے خلاف بیانات اور وی لاگ کرتے ہیں، عالیہ حمزہ نے سلمان اکرم راجہ اور علی امین سے متعلق بیان دیا، کوئی شوکاز جاری نہ ہوا۔