ڈکیتی میں استعمال شدہ اسلحہ گھر سے برآمد خاتون انسپیکٹر گرفتار

ڈکیتی میں استعمال شدہ اسلحہ گھر سے برآمد خاتون انسپیکٹر گرفتار
لاہور میں واقع لٹن روڈ ویمن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او کو غیر قانونی طور پر 9 ایم ایم پستول گھر پر رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور بدانتظامی کے خلاف پالیسی کے تحت خاتون ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی گئی۔ایس ایچ کے خلاف کارروائی ملزم کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران ایس ایچ او ثانیہ کی رہائش گاہ سے ڈکیتی میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کیا گیا۔ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ملزم نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ دوران ڈکیتی نائن ایم ایم پستول استعمال کیا تھا جو کہ اب خاتون ایس ایچ او کی غیر قانونی تحویل میں ہے۔ پولیس نے ملزم کے اس دعوے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او کے گھر پر چھاپہ مارا اور پستول برآمد کر لیا۔ ایس ایچ او ثانیہ کو ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے حکم پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔