سکھر کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج عبدالرحمٰن قاضی نے مختصر فیصلہ سنایا جس میں تمام 6 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
ملزمان کو قتل اور دہشت گردی کے الزام میں عمر قید جبکہ اسلحہ کے الزام میں 7،7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
قتل کیس میں 6 ملزمان حنیف بھٹو، سارنگ ٹوٹانی، مشتاق مہر، دریا خان جمالی، لطف جمالی اور الطاف جمالی نامزد تھے۔ ملزمان دسمبر 2104ء سے سینٹرل جیل میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ 29 نومبر 2014ء کو جے یو آئی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو سکھر میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔ سزا پر ڈاکٹر محمود سومرو کے بیٹے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر سزائے موت ہونی چاہیے تھی، ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔