قومی خبریں
پنجاب: فضائی آلودگی میں اضافہ، سانس لینا خطرناک
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر وسطی علاقوں میں فضائی آلودگی شدت اختیار کرنے لگی، کھلی فضا میں سانس لینا بھی صحت کے لیے خطرہ بن گیا۔

پنجاب: فضائی آلودگی میں اضافہ، سانس لینا خطرناک
لاہور کے علاقے راوی روڈ میں صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈیکس 810 تک پہنچ گیا، شہر میں اوسط اے کیو آئی تین سو سڑسٹھ پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا، گوجرانوالا میں 627 اور فیصل آباد میں چار سو چونتیس ریکارڈ ہوا، ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال کا مشورہ دے دیا ہے۔
محکمۂ تحفظ ماحولیات کا کہنا ہے کہ سموگ میں اضافے کی بڑی وجہ ہوا کے کم دباؤ والے زونز اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی ہے۔
بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے باعث لاہور اور وسطی پنجاب کے دیگر شہروں میں فضائی آلودگی میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ ماحولیات کے ترجمان کے مطابق سموگ کے اثرات لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ تک پھیل چکے ہیں، رات اور صبح کے اوقات میں فضا میں نمی 95 سے 100 فیصد تک پہنچنے سے آلودگی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔









