
پاکستان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شاندار
کھیل پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔ یو اے ای کے آصف خان نے 77 اور کپتان محمد وسیم نے 33 رنز اسکور کیے، جبکہ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، محمد نواز نے 2 اور صائم ایوب و سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر صائم ایوب کو "مین آف دی میچ” قرار دیا گیا۔ انہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ حسن نواز نے 56 اور محمد نواز نے 25 رنز کی اننگز کھیلی جس سے ٹیم کو 200 سے زائد کا اسکور حاصل کرنے میں مدد ملی۔
یو اے ای کے بولرز میں صغیر خان اور جنید صدیقی نے تین، تین جبکہ حیدر علی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے حالیہ دنوں میں افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش جیسی ٹیموں کو شکست دی تھی، تاہم سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو بھی 39 رنز سے ہرایا ہے۔