قومی خبریں
لاہور: لیڈی ایچسن ہسپتال میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
لیڈی ایچسن ہسپتال لاہور میں مریضوں، تیمارداروں، سپتال عملے اور قریبی آبادی کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا ہے۔

لاہور: لیڈی ایچسن ہسپتال میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
لاہور : لیڈی ایچسن ہسپتال لاہور میں مریضوں، تیمارداروں، سپتال عملے اور قریبی آبادی کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے
لیے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کیا۔

تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ایچسن ہسپتال ڈاکٹر ثوبیہ جاوید، رجسٹرار کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر نادیہ خورشید سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور انتظامی افسران بھی شریک تھے۔ مقررین نے اس سہولت کو ہسپتال کی ترقی اور مریض دوست پالیسیوں کی جانب ایک اہم اور قابلِ تقلید قدم قرار دیا۔
لیڈی ایچسن ہسپتال
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے اس موقع پر کہا کہ لیڈی ایچسن اسپتال انتظامیہ ہمیشہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہی ہے، اور فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اسی وژن کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی نہ صرف بنیادی انسانی حق ہے بلکہ بیماریوں سے بچاؤ اور تندرستی کے فروغ میں بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اپنے خطاب میں اسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف اور محفوظ پانی کی دستیابی اسپتال میں آنے والے ہزاروں مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جو ان کی جلد صحت یابی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس اقدام کو صحت عامہ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قراردیا۔
