صحافی برادری کی ذمہ داریاں مزید بڑھ چکی ہیں،محمد انعام قادری
محمد انعام قادری کا کہنا تھا کہ صحافی برادری انتشار پسند عناصر کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں تاکہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہ آنے پائے کیونکہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم محفوظ ہیں۔


تحریر و ملاقات اصغرعلی کھوکھر
موجودہ حالات میں صحافی برادری کی ذمہ داریاں مزید بڑھ چکی ہیں, اسی لیے صحا فت جسے آج کسی بھی ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے اس کی اہمیت اس تناظر میں اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ اسے پیشہ پیغمبرانہ بھی کہا جاتا ہے۔ میدان صحافت جس سے دولت اور شہرت سمیٹتے کے لیے ہر ایرا غیرا اتر رہا ہے اس میدان کے حقیقی شہسوار وہی جانباز ہیں جو اسے عبادت سمجھ کر اس انداز سے کرتے ہیں کہ حق اور سچ کی سر بلندی کے لیے ہمہ وقت حالات کے پل صراط سے گزرنے کے لئے تیار رہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار آل پاکستان میڈیا کونسل سیالکوٹ کے نائب صدر محمد انعام قادری نے ایک ملاقات میں کیا، انعام قادری نے مزید کہا کہ صحافت کیا ہے اور کس انداز میں کی جاتی ہے یہ کوئی اُن مردان حق سے پوچھے جو حریت کی ہر تحریک کا سر خیل دستہ ہوتے ہوئے موت سے آنکھیں دو چار تو کرلیتے ہیں مگر وقتکے غاصبوں کو بے نقاب کرنے سے باز نہیں آتے،اس کی وجہ درحقیقت دولت اور شہرت کا حصول ان کی منزل نہیں ہوتی۔
ایک سوال کے جواب میں محمد انعام قادری نے کہا کہ آل پاکستان میڈیا کونسل کی سرگرمیاں در اصل معاشرے کے مسائل کے شکار عوام کی آواز حکام بالا تک پہنچانا اور ان کی داد رسی تک ان کا دست و بازو بننا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہماری تنظیم کاہر عہدے دار ہمہ وقت عوام سے رابطے میں رہتا ہے اور ضرورت پڑنے پر مسائل و مشکلات کے تدارک کے لیے سائلین کے ساتھ ہر محکمے کے ارباب اختیار کے پاس بھی چلا جاتا ہے، یہ ذمہ داریاں ہم اس لئے
نبھارہے ہیں تاکہ سادہ لوح عوام مسائل کے حل کے دوران پریشان نہ ہوں۔
انعام قادری نے مزید بتایا کہ ان مسائل کے حل کے علاؤہ ہماری تنظیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق مثبت سرگرمیوں کا بھی اہتمام کرتی ہے تاکہ عوام کو صحت مند تفریحی مواقعے میسر آ سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انعام قادری نے کہا کہ موجودہ حالات میں صحافی برادری کی ذمہ داریاں مزید بڑھ چکی ہیں، ملک میں سیاسی تناؤ کا تسلسل اور دہشت گردی کے بڑھتے خطرات نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے،ان حالات میں کوئی بھی خبر نشر یا شائع کرتے وقت یہ تحقیق کر لینا ضروری ہے کہ وہ خبرحقائق پر مبنی ہو ہر صحافی کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے کہ اس کی لکھی گئی خبر ملک میں امن کا باعث بھی بن سکتی ہے اور انتشارکی راہ بھی ہموار کرسکتی ہے،اس ضمن میں یہ ضروری ہے کہ صحافی برادری انتشار پسند عناصر کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں تاکہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہ آنے پائے کیونکہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم محفوظ ہیں۔