وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے دورہ چین کے دوران چین کے نیشنل کمیشن برائے ترقی و اصلاحات کے وائس چیئرمین ژاؤ چن ژن سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اس دوران انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد اور غیر متزلزل ہے۔ سی پیک 2.0 دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں چینی ورکرز اور ماہرین پاکستان کے ہیروز ہیں۔ چینی ورکرز کی حفاظت پاکستانی قوم کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان دہشتگرد عناصر کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کر رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دشمن کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، زرعی اور صنعتی شعبوں میں بھی چین سے استفادہ کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے صنعتی زونز کو کامیاب بنائیں گے، چین کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کے سی پیک فیز 2 کے وژن کو حقیقت بنائیں گے۔