سہ ملکی سیریز‘زمبابوے کی سری لنکا کوشکست
زمبابوے کے سکندر رجا کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے شاندار آل رائونڈ کارکردگی کے باعث سری لنکا کو 67رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر زمبابوے ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر 162رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کےلئے 163رنز کا ہدف دے دیا۔زمبابوے کی جانب ریان برل نے 18، برینڈن ٹیلر نے 11، موسیکیوانے 11، مارو مانی نے 10، برائن بینیٹ 49اور سکندر رضا 47رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ہاسارنگا نے 3، ایشان ملنگا نے 2،جبکہ مہیش تھیکشانا اور دشمناتھا چمیرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سری لنکا کو صرف1سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب پاتھم نسانکا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ کپتان داسن شناکا 34رنز بنا کر نمایاں رہے ،جبکہ بھانوکا راجاپاکسے نے 11رنز بنائے، ان کے علاوہ سری لنکا کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم مقررہ 20اوورز میں95رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، اس طرح زمبابوے نے یہ میچ 67سکور سے جیت لیا۔ زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایوانس نے 3، رچرڈ نگاراوا نے 2،جبکہ کپتان سکندر رضا ، گریم کریمر، ماپوسا اورریان برل نے ایک، ایک کھلاڑی کوآﺅٹ کیا۔ زمبابوے کے سکندر رجا کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔









