دبئی:17 سیکنڈ میں بزنس لائسنس حاصل
دبئی میں صرف 17 سیکنڈ میں بزنس لائسنس حاصل کرنے کا نیا طریقہ

دبئی
میں سرمایہ کار اب محض 17 سیکنڈ میں تجارتی لائسنس حاصل کر سکیں گے.
"انویسٹ اِن دبئی” پلیٹ فارم میں ایجنٹک اے آئی (Agentic AI) ٹیکنالوجی کے انضمام کے بعد یہ عمل انتہائی تیز اور خودکار ہو جائے گا۔
دبئی بزنس رجسٹریشن اینڈ لائسنسنگ کارپوریشن (DBLC) کے سی ای او احمد خلیفہ القیضی الفلاسی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں بتایا کہ اپ گریڈ شدہ پلیٹ فارم 2026 کے اختتام تک باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔ ان کے مطابق اس وقت سرمایہ کار پانچ منٹ میں لائسنس حاصل کرتے ہیں، تاہم نئی ٹیکنالوجی کے نفاذ کے بعد یہ عمل صرف 17 سیکنڈ میں مکمل ہو جائے گا۔
الفلاسی نے کہا کہ “سسٹم درخواستوں کا فوری اور درست تجزیہ کرتا ہے، جیسے ہی صارف دستاویزات اپ لوڈ کرتا ہے، اسی وقت منظوری جاری ہو جاتی ہے۔” ان کے مطابق ایجنٹک اے آئی خودکار طور پر دستاویزات کی جانچ اور تصدیق کرتا ہے، اس طرح انسانی مداخلت تقریباً ختم ہو جاتی ہے اور عملہ صرف نظام کی کارکردگی کی نگرانی پر توجہ دیتا ہے۔
یہ نیا نظام دبئی اکنامک ایجنڈا (D33) کا حصہ ہے، جس کا ہدف جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے معاشی پیداوار میں 50 فیصد اضافہ کرنا ہے۔ ڈی بی ایل سی کے مطابق اپ گریڈ شدہ پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کار آن لائن پورا لائسنسنگ عمل مکمل کر سکیں گے، جس میں کمپنی کا اسٹرکچر، قانونی شکلیں اور برانچ لائسنس بھی شامل ہوں گے، یوں کاغذی کارروائی کا خاتمہ ہو جائے گا۔
اس نظام میں مختلف سرکاری اداروں کی منظوریوں کو بھی ضم کیا گیا ہے، جن میں وزارت افرادی وسائل و امارات (MoHRE)، وزارت خارجہ (MoFA)، کمیونٹی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) اور دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی (DCAA) شامل ہیں۔ مزید اداروں کی شمولیت سے عمل مزید تیز اور مربوط بنایا جائے گا۔
"انویسٹ اِن دبئی” 2021 میں متعارف ہوا، اور اب تک 13 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز مکمل کر چکا ہے، جن میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد نئے کاروبار رجسٹر ہوئے۔ کاروباری لائسنس کے اجرا میں چھ گنا اضافہ ہوا — 2021 میں 16,584 سے بڑھ کر 2024 میں 95,543 تک — جو دبئی کے عالمی سطح کے ڈیجیٹل بزنس حب بننے کی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔









