جاسوسی: ایران سے افغانیوں کے انخلا میں تیزی

جاسوسی: ایران سے افغانیوں کے انخلا میں تیزی
ایران نے اسرائیل کے ساتھ ہونے والی 12 روزہ جنگ کے بعد افغانیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کی کوششیں تیز کردیں جس کے پیشِ نظر ہزاروں افغانیوں کا ایران سے انخلا جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 31 سالہ افغان خاتون حبیبہ جو طالبان کے دورِ حکومت سے بچ کر ایران میں انجینئرنگ میں ماسٹرز کرنے گئی تھیں، وہ گزشتہ ماہ جولائی میں جاسوسی کے خدشہ کے پیش نظر اس وقت افغانستان واپس بھیج دی گئیں ہیں جب وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بالکل قریب تھیں۔
افغان بارڈر کی پوسٹ پر انٹرویو کے دوران افغان شہری حبیبہ نے ’بین الاقوامی میڈیا‘ کو بتایا کہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے لیے صرف چند قدم دور تھی، اس کا مقالہ مکمل ہونے والا ہی تھا کہ سب کچھ ختم ہو گیا۔
حبیبہ کا کہنا تھا کہ اپنے وطن واپسی پر اس کے پاس صرف ایک لیپ ٹاپ اور تعلیمی دستاویزات بچیں، اب وہ طالبان کے زیرِ حکومت اپنے ملک افغانستان میں دوبارہ زندگی کا آغاز کرنے پر مجبور ہے جہاں خواتین کو ہائی سکول تک جانے کی بھی اجازت نہیں، یونیورسٹی تو دور کی بات ہے۔