بنگلا دیش: انتخابات اپریل 2026ء میں ہونگے
بنگلا دیشی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اپریل 2026ء میں انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

بنگلا دیش: انتخابات اپریل 2026ء میں ہونگے

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں یہ اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش میں انتخابات اپریل 2026ء کے پہلے 2 ہفتوں میں کسی بھی دن ہوں گے۔
بنگلہ دیش میں گزشتہ برس ملک گیر عوامی احتجاجی تحریک نے جنم لیا جس کی قیادت طلباء نے کی۔ جب حسینہ واجد حکومت نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا تو احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا اور پورے ملک میں پھیل گیا، لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ جس سے ریاستی مشینری مفلوج ہو گئی، آخر کار فوج کے دباؤ اور عوامی طاقت کے سامنے شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024ء کو استعفیٰ دینا پڑا۔
انتخابات اپریل 2026ء میں ہونگے
حسینہ واجد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہو گئیں اور احتجاجی طلباء کے مطالبے پر نوبیل انعام یافتہ معروف معیشت دان، انٹرپرینیور، بینکار 84 سالہ محمّد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرّر کیا گیا۔ محمّد یونس گرامین بینک کے بانی بھی ہیں، وہ حسینہ واجد حکومت کے سخت مخالف تھے اور اُنہوں نے طلباء کے کام یاب احتجاج کو ’دوسری آزادی‘ کا نام دیا۔ محمد یونس کی عبوری حکومت کا بنیادی مقصد ملک میں امن و امان بحال کرنا اور ایک مقررہ مدت کے اندر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرانا ہے تاکہ بنگلا دیش دوبارہ جمہوری راستے پر گامزن ہو سکے۔