غزہ: اسرائیلی حملہ، 24 گھنٹوں میں 90 شہید
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، کل سے اب تک مزید 90 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے،

غزہ: اسرائیلی حملہ، 24 گھنٹوں میں 90 شہید
اسرائیلی افواج نے غزہ سٹی میں ایک رہائشی مکان پر بم باری کر کے کم از کم 12 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ گزشتہ روز غزہ بھر میں اسرائیلی حملوں میں 78 فلسطینی شہید کیے گئے تھے، آج ہونے والے مختلف حملوں میں مجموعی طور پر کم از کم 27 افراد شہید ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف اسپتالوں میں کم از کم 80 شہداء اور 304 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ جنگ بندی توڑنے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملہ میں کم از کم 6 ہزار 860 فلسطینی شہید اور 24 ہزار 220 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب غزہ جنگ بندی مذاکرات کے لیے اسرائیلی وفد دوحہ روانہ ہو گیا، حماس مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی دے چکی ہے۔
غزہ: اسرائیلی حملہ
عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی تجاویز میں اسرائیلی حملے روکنے، 60 روزہ جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی ضمانت، پہلے روز 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی، 18 یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی اور غزہ میں امداد اقوامِ متحدہ اور ہلالِ احمر سمیت متفقہ ذرائع کے ذریعے تقسیم کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ میں اب تک 57 ہزار 418 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 36ہزار 261 زخمی ہو چکے ہیں۔