اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی، حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثنا اللہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، علیم خان اور فاروق ستار نے شرکت کی۔
جب کہ پی ٹی آئی کمیٹی کی جانب سے اسد قیصر، راجا ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔ اسدقیصر نے آگاہ کیا کہ ہماری کمیٹی کے باقی ارکان مقدمات یاملک سے باہر ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔
دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نےخیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو مثبت پیشرفت قرار دیا اور توقع ظاہر کی پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے، مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔
اس موقع پر اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا اور طے پایا کہ اگلی میٹنگ میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر مطالبات اور شرائط پیش کرے گی۔
اجلاس میں شہدا کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں ہم سب قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
کمیٹیوں نے حکومتی کمیٹی کے قیام اور مذاکرات کے عملی آغاز کےلیے اسپیکر کی کوششوں کو سراہا اور باہمی مشاورت سے طے پایا کہ اگلا مذاکراتی اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔