قومی خبریں
کراچی مظاہرہ:سمی دین بلوچ سمیت 5 افراد گرفتار
کراچی میں فوارہ چوک کے قریب احتجاج کے معاملے پر مظاہرین کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

کراچی مظاہرہ:سمی دین بلوچ سمیت 5 افراد گرفتار
پولیس کے مطابق مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق 35 سے 40 مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی، سمی دین بلوچ سمیت 5 افراد گرفتار کیے گئے۔ مقدمے کے متن کے مطابق گرفتاری کے دوران متعدد مظاہرین رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ گزشتہ روز بلوچ یک جہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاج کی کال دی گئی تھی۔ مظاہرے کے شرکاء کے فوارہ چوک پہنچنے پر پولیس نے مظاہرین کو پریس کلب کی جانب بڑھنے سے روکا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا تھا۔ بلوچ یک جہتی کمیٹی کی مرکزی رہنما سمی دین بلوچ سمیت مظاہرے میں شریک متعدد مرد و خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔