کوئٹہ: خضدار میں چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ یاسر اقبال دشتی کے مطابق جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چار لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔