Site icon MASHRIQ URDU

”پیام مشرق“ کے ڈیلیکس ایڈیشن کی تقریب اجراء

WhatsApp Image 2025 01 05 at 3.52.31 PM

مہمان خصوصی ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران آقای اصغر مسعودی

(رپورٹ: اصغر علی کھوکھر) 26دسمبر2024ء کو بزم اقبال کے زیر اہتمام شائع ہونے والی ”شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کی شہرہ آفاق کتاب”پیام مشرق“ ڈیلیکس ایڈیشن 2024کی تقریب بزم اقبال اور قائد اعظم لائبریری کے اشتراک سے قائد اعظم لائبریری میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جب کہ صدارت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر خورشید رضوی نے ادا کئے، اس پروقار ادبی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران آقای اصغر مسعودی تھے۔

ڈااکٹر تحسین فراتی

ڈائریکٹر بزم اقبال ڈااکٹر تحسین فراقی نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یہ بات میرے لیے باعث اعزاز ہے کہ میں شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کی عالمی شہرت کی حامل کتاب ”پیام مشرق“ کے ڈیلیکس ایڈیشن 2024ء کی تقریب اجراء کے پر مسرت موقع پر شرکائے تقریب سے مخاطب ہوں۔ گو حکیم والامت کی پیام مشرق 100سال قبل 1924ء میں االمانوی شاعر گوئٹے کے دیوان کے جواب میں منصۂ شہود دپر آئی تھی، مگر ایمانی حرارت اور جزبہ حریت کے اعتبار سے اقبال کی اس ادبی کاوش کی اہمیت وافادیت آج بھی مسلمہ ہے، امید ہے کہ ادبی ذوق و شوق کے قارئین پیام مشرق کے ڈیلیکس ایڈیشن سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

ڈاکٹر حمید تنولی

معروف مصنف اور اقبال شناس ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے کہا کہ پیام مشرق کا ڈیلیکس ایڈیشن شائع کرنے پر میں ڈاکٹر تحسین فراقی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، زیر نظر کتاب میں شامل 85صفاحت پر مشتمل مقدمہ ان کی ادبی بصیرت اور صلاحتیوں کا منہ بولتا ثبوت اور پیام مشرق کے جدید ایدیشن میں منفرد اضافہ ہے۔
ڈاکٹر وحید الزماں نے کہا کہ پیام مشرق میں شامل ڈاکٹر تحسین فراقی کا طویل اور جامع مقدمہ جہاں ان کی اقبال شناسی کا مظہر ہے وہاں یہ مقدمہ قارئین کے لیے کلام اقبال کی گہرائی تک پہنچنے کا باعث بھی بنے گا۔ پیام مشرق میں شامل اقبال کی شاعری کی تمام جزیات میں مشرقیت کا پہلو خاصا نمایاں ہے۔

محمد عمر سہیل

ممتا زمصنف اور دانش ور محمد عمر سہیل نے پیام مشرق کے علمی، ادبی، تہذیبی اور تمدنی پہلوؤں پر بھر پور روشنی ڈالی اور کتاب میں شامل کلام اقبال کے چیدہ چیدہ حصوں پر کھل کر اظہار کیا، جس سے حاضرین محفل بہت محظوظ ہوئے۔ انہوں نے پیام مشرق کے ڈیلیکس ایڈیشن کے لیے مکتبہ جامعہ دہلی کی اشاعت کے عکس کے انتخاب کو سراہا۔ جناب عمر سہیل نے کہا کہ ڈاکٹر تحسین فراقی نے اپنے طویل مقدمہ میں وہ سب کچھ کہہ دیا ہے جو ہمیں کہنا چاہئے تھا۔ کتاب میں شامل کلام اقبال نہ صرف شاعری کے تمام مستند اور مسلمہ اصولوں پر پورا اترتا ہے بلکہ شاعر مشرق کا حسن اظہار منفردبھی ہے۔

ڈاکٹر خورشید رضوی

صدر مجلس، شاعر، محقق، مترجم اور معلم و مصنف جناب ڈاکٹر خورشید رضوی نے کہا کہ آج کی محفل کا منفرد پہلویہ ہے کہ اس تقریب کا اہتمام و انعقاد پیام مشرق کے صد سالہ جشن کی حیثیت رکھتا ہے۔اقبال کی تمام کتابوں کی اہمیت اپنی اپنی جگہ مسلمہ ہے مگر پیام مشرق چونکہ اہل مغرب کے نظریات کے جواب میں لکھی گئی تھی اس لیے اس کتاب کی ضرورت و اہمیت واضع ہے۔

ڈاکٹر وحید الزماں

ڈیلیکس ایڈیشن 2024ء میں جن نظموں کو ہائی لائٹ کیا گیا ہے، بلا شبہ اقبال کا یہ کلام اسلوب ومعانی کے اعتبار سے شہرت کے ساتویں آسمان پر ہے۔ اقبال نے خداداد صلاحتوں کی بنا پر اپنے کلام میں مظاہر کائنات کو سمو دیا ہے۔انتہائی کم وقت اور منفرد انداز میں پیام مشرق کی اشاعت پر ڈاکٹر تحسین فراقی بجا طور پر تحسین کے حق دار ہیں۔

کاشف منظور

ڈائریکٹر جنرل پنجاب پبلک لائبریریز جناب کاشف منظور نے تقریب کے اختتام پر حاضرین کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ اپنے مختصر مگر جامع اور پر اثر خطاب میں کہا کہ شاعر مشرق کی تمام کتب قابل رشک اور باعث تحسین و تعریف ہیں، مگر پیام مشرق کی انفرادیت مسلمہ ہے کہ اس میں مغرب کے اہل علم کے نظریات کا مدلل انداز میں جامع جواب دیا گیا ہے۔ خاص طور پر ڈیلیک ایڈیشن کے لیے محترم ڈاکٹر تحسین فراقی کا سپرد قلم کیا گیا طویل مقدمہ جہاں قارئین کے لیے اقبال شناسی کا باعث بنے گا وہاں ان کی علمی تشنگی دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض ڈاکٹر خالد ندیم نے انجام دیئے۔

ڈاکٹر خالد ندیم
تقریب کے شرکا
Exit mobile version