پہلگام:بھارت کا پانی روکنا آگ سے کھیلنا ہے،سابق پاکستانی ہائی کمشنر
بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عبدالباسط نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ ہمارے ساتھ شیئر کرے۔ اگر شیئر نہیں کرنا چاہتا تو دونوں ممالک بین الاقوامی تحقیقات کروا سکتے ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اگر بھارت اُس کےلیے بھی تیار نہیں ہے تو پھر یہ اُس کی اپنی مرضی ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ آگ سے کھیلے گا۔ سابق ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پاکستان میں مختلف دہشتگرد سرگرمیوں میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، پاکستان کو بھی بھارت سے متعلق کئی خدشات ہیں۔ عبدالباسط نے کہا کہ اگر بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کےلیے تیار ہے۔ تاہم امید ہے عقل و دانش کا مظاہرہ کیا جائے گا۔