پانی کی تقسیم وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے،بلاول بھٹو
حیدر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، یہ نا سننے کو تیار ہیں اور نا ہی دیکھنے کیلئے تیار ہیں، ہم آپ کی وزارتوں کو لات مارتے ہیں، کینالز منصوبہ کسی صورت منظور نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مخالفت اصولوں پر کر رہے ہیں، کیونکہ میرا وفاق خطرے میں ہے، ملک دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے، آپ نے ایسا موضوع چھیڑا ہے جس سے بھائی سے بھائی کو خطرہ ہے، اگر پیپلز پارٹی نہیں بولے گی تو کون بولے گا، جو کینال بنا رہے ہیں وہ اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری وجہ سے ان کی طاقت ہے، وزیر اعظم کو حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، آپ کو ہمارے مطالبات ماننے پڑیں گے، وزیر اعظم آج بھی ماننے کے لیے تیار نہیں اور ہم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، اگر شہباز شریف اور عوام کے درمیان فیصلہ کرنا ہے تو مشکل فیصلہ نہیں۔