Site icon MASHRIQ URDU

ویلڈن مریم نواز صاحبہ!

Dr Ghazala Shaeen Waeen

ویلڈن مریم نواز صاحبہ!

ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا یہ اقدام بلا شبہ قابل تحسین و تقلید ہے کہ ان کی ذاتی دلچسپی کے باعث پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا گیا ہےـ سی ایم پنجاب کے اس اقدام سے صوبہ بھر میں جہاں جان لیوا بیماریوں کا تدارک یقینی ہو گا وہاں عوام میں حضور ذات نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اس حدیث مبارکہ پر عمل کرنے کی رغبت کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے کہ ” صفائی نصف ایمان ہے۔”
مزید قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب بھر میں صفائی کے نظام میں صرف بڑے شہروں میں ہی بہتری نہیں آئی ‘بلکے دیہات میں بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ گلیوں اور بازاروں میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر کہیں نظر نہ آئیں۔ پنجاب سرکار کی اس کوشش سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوا اور وہ اپنے گھروں کو بھی صاف ستھرا رکھیں گےـ گو صفائی کا عملہ تو پنجاب حکومت کے پاس پہلے سے موجود تھا مگر متعلقہ ارباب اختیار اور ملازمین اپنے کام میں دلچسپی نہیں لیتے تھے۔ صفائی کا کام صرف پوش علاقوں میں یقینی بنایا جاتا تھا۔ گنجان اور پسماندہ رہائشی علاقوں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ بس صرف اتنا ہوتا تھا کہ اگر کسی پسماندہ علاقے میں کسی بڑی شخصیت نے وزٹ کرنا ہوتا تو اس علاقے میں وقت مقررہ پر صفائی کرا دی جاتی اور پھولوں والے گملے رکھوا دیئے جاتے تھے۔ جونہی متعلقہ وزیر یا مشیر وغیرہ کا دورہ مکمل ہو جاتا نہ صرف وہ گملے اٹھا لئے جاتے بلکہ صفائی کا عملہ بھی غائب ہو جاتاـ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ان دونوں ایسا نہیں ہو رہا جگہ جگہ دیکھا گیا ہے کہ جہاں جہاں خاکروب کام کررہے ہوتے ہیں وہاں وہاں نگرانی کرنے والا عملہ لمحہ بہ لمحہ ویڈیوز کے ذریعے کارکردگی کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج رہا ہوتا ہے۔ چنانچہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ صوبہ بھر میں صفائی کا کام کرنے والا عملہ ماضی کی نسبت مستعد اور وقت کا پابند نظر آتا ہےـ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے صفائی کے اس عمل کو دوام اسی صورت حاصل ہو سکتا ہے جب عملہ صفائی کی نگرانی سخت ہو، بصورت دیگر دوسرے شعبوں کی طرح اس شعبے میں بھی کام چور اور بلا ضرورت چھٹیاں کرنے والا عملہ موجود رہنے سے صفائی کے کام آنے والی بہتری ختم ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کو چاہیے کہ صوبہ بھر میں صفائی کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ایک تو شعبے سے کالی بھیڑوں کا صفایا کریں دوسرا نگران عملے کو بھی اپنی کارکردگی میں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کریں تاکہ نصف ایمان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عوام کی بہتری کے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حامی و ناصر ہو اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین یا رب العالمین

بھارت کا جنگی جنون اور وحدت ملی

Exit mobile version