وزیر اعلی کی ملزمان گرفتاری پر پولیس کو مبارکباد ناقابل فہم، جاوید قصوری
لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران زیادتی کرنے والے مجرمان کی گرفتاری پر پولیس کو مبارک بادیں، نا قابل فہم اور قابل مذمت ہے۔ پولیس کا کام امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اور عوام کو ہر لحاظ سے تحفظ فراہم کرنا ہوتا ہے جس میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی اورپٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی دراصل کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے۔وزیر اعظم بلند و بانگ دعوے تو مسلسل کر رہے ہیں مگر عملاً اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ عوام میں مایوسی بڑھ گئی ہے۔ جماعت اسلامی عید کے بعد بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے لئے بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ ہم عوام کے حقیقی ترجمان اور جب تک درپیش مشکلات کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلانات کے باوجود چینی 180روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ اشیا ء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ رمضان المبارک جیسے با برکت مہینے میں بھی ناجائزہ منافع خوروں، گرانفروشوں کو کسی کا ڈر نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ حکومتی چیک اینڈ بیلنس نام کی کوئی چیز نہیں، مافیا زنے پورے نظام کو ہی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ ملک کے اندر 25کروڑ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، رہی سہی کسر عید الفطر کے قریب آتے ٹرانسپورٹروں نے پوری کر دی ہے۔ دوسرے شہروں کو جانے والے پردیسیوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جار ہا ہے۔پردیسیوں کو ٹرانسپورٹروں کی لوٹ مار سے بچانے کے لئے شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومت حرکت میں آئے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہیں، داخلی انتشار، افراتفری اور تفریق سے سیاسی نفرت میں اضافہ اور عدم استحکام کی فضاء قائم ہو رہی ہے۔ وقت تک تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر ملک و قوم بارے فیصلے کریں۔