Site icon MASHRIQ URDU

وزیراعلیٰ پنجاب کے مثبت اقدامات 

وزیراعلیٰ پنجاب کے مثبت اقدامات

تحریر: ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں

وزیراعلیٰ پنجاب نے مفادِ عامہ کے جتنے اقدامات اٹھائے ہیں اُن میں سے ایک مثبت اقدام بزرگ شہریوں کے لیے مراعات کا اعلان ہے کہ ساٹھ سال یا اس سے زائد عمر کے مرد اور خواتین کو سرکاری ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہو گی۔ علاؤہ ازیں وہ ضرورت کے وقت جن سرکاری دفاتر میں جائیں گے ان کی اس طرح شنوائی ہو گی کہ لائنوں میں کھڑے ہونے کے بجائے ترجیحی بنیادوں پر ان کے کام نمٹانے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام صوبہ بھر میں تحسین کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

حالانکہ صوبائی دارالحکومت لاہور ہی کی بات کی جائے تو مبینہ طور پر بزرگ شہریوں کو سفر کی یہ سہولت صرف اسٹیشن سے گرین ٹاؤن تک چلنے والی ایک ہی بس میں حاصل ہے۔ مبینہ طور پر دیگر روٹوں پر چلنے والی سپیڈو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین میں یہ سہولت حاصل نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر پنجاب حکومت نے بزرگ شہریوں کو یہ سہولت دی ہے تو اس کا اطلاق تمام سرکاری ٹرانسپورٹ پر ہونا چاہیے۔ جن خواتین و حضرات نے اپنے عالم شباب میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے آج پیرانہ سالی میں قومی وسائل سے وہ بھی کوئی فایدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مثبت اقدامات

جہاں تک سرکاری احکامات کے تحت مختلف محکموں میں بزرگ شہریوں کے کام ترجیحی بنیادوں پر ہونے کا تعلق ہے، ایں خیال خام است کے مترادف ہے۔ جس کی بڑی وجہ سرکاری اداروں کے ملازمین کا مخصوص مائینڈ سیٹ ہے کہ ان ملازمین کی سالہا سال سے ایسے مثبت انداز میں تربیت ہی نہیں گئی کہ ان میں خدمت خلق کا جزبہ پایا جاتا ہو۔ گو گزشتہ برسوں کی نسبت اب حالات بہتر ہیں تاہم اس ضمن میں ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے۔
اس تناظر میں ایک یہ تجویز مفید ثابت ہو سکتی ہے کہ جس طرح ان دنوں پنجاب بھر کے متعدد اضلاع کے سینئر پولیس آفیسر کھلی کچہریوں کا اہتمام کر رہے ہیں اسی طرح دیگر تمام سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام ہر ہفتے میں ایک دن بزرگ شہریوں کے لیے وقف کر دیں تاکہ انہیں درپیش مسائل آسانی سے حل ہو سکیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی بات کی جائے تو محترمہ مریم نواز صوبہ بھر کے عوام بالخصوص بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں نظر آتی ہیں۔ جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سو فیصد درست نتائج کے حصول کے لیے سرکاری اداروں کے ملازمین خاص طور پر بیوروکریسی میں چھپی کالی بھیڑوں کا مکمل صفایا کیا جائے، تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام کے مطابق صوبے کے عوام کو درپیش مسائل مزید وقت ضائع کئے بغیر حل ہو سکیں۔ اس تناظر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ خواتین و حضرات پر بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ان کے شانہ بہ شانہ ہوں تاکہ دکھی انسانیت کو مسائل در مسائل کی دلدل سے نکالا جا سکے.

توجہ طلب!!!

وزیراعلیٰ پنجاب کے مثبت اقدامات

Exit mobile version