مون سون : زیادہ بارشیں نمبر 2 سیلاب کی پیشگوئی
محکمۂ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے مون سون 2025ء کی پیشگوئی کی ہے کہ وسطی، جنوبی اور شمال مشرقی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ جس کے باعث سیلاب کا خطرہ بھی سر اٹھا رہا ہے۔ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
ڈی جی محکمۂ موسمیات مہر صاحبزاد خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ رواں سال مون سون کا سیزن روایتی طور پر 3 ماہ پر مشتمل ہو گا۔ مگر اس کا آغاز جلد اور اختتام تاخیر سے بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جون سے 15 ستمبر کے درمیان سیلابی سیزن رہے گا۔ جس کے دوران شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ملک کے وسطی و جنوبی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی امید ہے۔
مون سون میں سیلاب کی پیشگوئی
بالائی علاقوں میں شدید سیلابی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ڈی جی محکمۂ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، حیدر آباد اور پشاور میں سیلاب کے خطرات بھی واضح کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی موسمیات مہر صاحبزاد خان کا کہنا ہے کہ اس سال برف کم پڑی اور جو برف گری وہ وقت سے پہلے پگھل گئی۔ جس کی وجہ سے درجۂ حرارت بلند اور سیلابی امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، شمالی خیبر پختون خوا اور شمالی علاقہ جات میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔ مگر درجۂ حرارت یہاں بھی بلند رہنے کی توقع ہے۔ ڈی جی محکمۂ موسمیات نے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر شہریوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔