Site icon MASHRIQ URDU

ماہنامہ تخلیق کی ادبی خدمات

476157244 2365931447077960 2818682473387411697 n
ماہنامہ "تخلیق” کی ادبی خدمات
تحریر: فاطمہ قمر
ماہنامہ "تخلیق” کی ادبی خدمات کے حوالے سے ایک نشست قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن میں منعقد ہوئی جس کے کلیدی مقرر اردو ادب کے استاد و مصنف ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم تھے. ڈاکٹر ہارون سرگودھا سے بطور خاص اس نشست میں شرکت کے لئے تشریف لائے۔ انہوں نے بہت جامع انداز میں ماہنامہ تخلیق کی ادبی خدمات کا جائزہ پیش کیا۔ ماہنامہ تخلیق کے مدیر سونان اظہر ایک لائق اور ہونہار فرزند کی طرح اپنے والد کے افکار کی اشاعت کررہے ہیں۔ اپنے والد مرحوم کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد وہ ان کی صحافتی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک کے نامور ادیب ان کے والد کے رفقائے کار تھے جو اب اُن سے بھی رابطے میں ہیں۔ سونان اظہر ان کی تخلیقات بھی اپنے والد کے جاری کردہ ماہنامے میں شائع کرتے رہتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ بارہ سال سے مستحق لکھاریوں کو ماہنامہ تخلیق کے خصوصی اعزاز سے نوازتے ہیں جس میں اہلیت کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔ 2024 کا یہ اعزاز ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم صاحب کو دیا گیا۔ ہم نے ڈاکٹر صاحب کو بھی اس اعزاز کی مبارکباد دی اور مدیر تخلیق محترم سونان اظہر کی ادبی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اس خصوصی نشست میں ہماری ملاقات انتہائی علمی و ادبی شخصیت حلقہ اربابِ ذوق کے سابق معتمد عام ( سیکرٹری جنرل) پروفیسر ڈاکٹر غلام حسین ساجد صاحب سے بھی ہوئی۔جب وہ حلقہ ارباب ذوق کے معتمد عام تھے اس وقت ان کی کوششوں سے ادب و صحافت کی اہم شخصیات حلقہ اربابِ ذوق میں بہت متحرک تھیں۔ وہ ہمیں بھی دعوت دیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ انہوں نے حلقہ ارباب ذوق میں اردو اور مادری زبانوں کے حوالے سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد بھی کیا تھا جس میں انہوں نے ہمیں بطور خاص دعوت دی تھی۔ ڈاکٹر امجد طفیل صاحب بھی ہمیں باقاعدگی سے حلقہ اربابِ ذوق کے اجلاس کی دعوت دیا کرتے تھے ۔ جب سے ادب کی یہ بڑی بڑی شخصیات حلقہ اربابِ ذوق کے انتظام و انصرام سے الگ ہوئیں ہیں۔ شائد حلقہ اس طرح سے فعال نہیں ہے جیسے یہ کبھی ہوا کرتا تھا۔
حسین مجروح صاحب بھی بہت خلوص و محبت سے نفاذ اردو مشن کی وجہ سے ہمیں مدعو کرتے تھے اور اب بھی ہمیں تقریبات کی دعوت یہ کہہ کر دیتے ہیں "سائبان” تحریک دراصل نفاذ اردو ہی کا حصہ ہے۔
ہم دعا گو ہیں کہ محترم سونان اظہر اپنے والد کے جاری کردہ مشن ” تخلیق” کی اشاعت یونہی کام کرتے رہیں ۔
Exit mobile version