سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہو گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا، پہلی گیند دوپہر 2 بجے کرائی جائے گی جبکہ 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہو گا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہو گا۔
ان 2 میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا جبکہ فائنل 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر 2 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 6 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقا کی تاریخی گراؤنڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری کی صبح ہو گی۔