رمضان کے بعد احتجاج کی کال، پی ٹی آئی۔
اڈیالہ جیل جانے سے روکنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں اڈیالہ جیل جانے سے روکنا قیدی کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہمارے پاس انسداد دہشت گردی عدالت کا حکم نامہ موجود ہے۔ یہ توہین عدالت اور بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔ ہمیں ابھی کہا گیا ہے آپ رکیں۔ جانے کا نہیں بتایا گیا۔ کوئی کام بھی منصوبہ بندی کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔ اڈیالہ جیل میں جاری ٹرائلز کی لمبی تاریخیں ڈالی گئیں جس پر خدشات ہیں۔ عمران خان کے تمام مقدمات 2 دن پہلے تعینات ججز کو دے دیے گئے۔ 2 دن پہلے تعینات ججز کو مقدمات دینا بھی منصوبہ بندی سے کیا گیا۔ اسلام آباد میں ججز کی تعیناتیاں بھی منصوبہ بندی سے کی گئیں۔ دھونس کا نظام چل رہا ہے یہ سب عوام کے سامنے ہے۔ 26ویں ترمیم میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والوں کو نکالنے کا ایک طریقہ ہے۔ کچھ لوگوں کے جواب آگئے ہیں۔ ان لوگوں کو نکالنے کا عمران خان کا پیغام ملا ہے، ہم بانی سے ملنا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری تحریک انصاف میں نہیں ہیں۔ شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی لڑائی بنیادی انسانی طرز عمل کا معاملہ ہے۔ دونوں کی لڑائی سے متعلق ایف آئی آر بھی کٹنی چاہیے۔