حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام نظام مافیا کے رحم و کرم پر
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے کا احترام کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے مگر دہشت گردوں نے اس کا تقدس بھی پامال کر دیا ہے۔دین اسلام کسی بے گناہ کی جان بچانے کو پوری انسانیت کو تحفظ فراہم کرنے سے تشبیہ دیتا ہے اور امن کا درس دیتا ہے۔وفاقی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت ملوث ہے حکومت اس کے گھناونے کردار کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاسمو پولیٹن کلب باغ جناع لاہور میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بابر رشید،زکر اللہ مجاہد ،محمد فاروق چوہان، عبد العزیز عابد ،ایثار رانا،علامہ عبد الستار عاصم ،عمران الحق ویگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہوں کو نشانہ بنانا بدترین عمل ہے۔جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کی عفریت سے نجات اور ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے باہمی اختلافات کو بھلا کر متحد ہوں تاکہ دشمن کا مقابلہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کی دہشت گردی کے واقعات کو کوریج کے حوالے سے کی جانے والی خدمات قابل تعریف اور قربانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ ہم سب مل کر پاکستان کو دہشت گردی سے چھٹکارہ دلائیں گے اور دشمنوں کے تمام ناپاک ایجنڈوں کو نسیت و نابود کر کے دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے واقعات قابل مذمت و قابل تشو یش ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف کاروائی ناگزیر ہو چکی پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جا نوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردانہ واقعات میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سب سے زیادہ نقصانات ہوئے ہیں اس وقت پاکستان کو معیشت کے بحران کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کا بھی سامنا ہے۔محمد جاوید قصوری نے رمضان المبارک میں مہنگائی میں ہوشر با اضافہ اور کمزور حکومتی رٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ پورا نظام ہی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ غربت اور بے روزگارہ میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نماشی اقداما ت کر رہی ہیں۔جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔