اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو پاکستان کے حالات کا اندازہ نہیں کہ ملک کی کس صورتحال سے گزر رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے ملکی معاملات پر تمام اداروں کی گول میز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کے ممالک ہمارے ہاں امن نہیں دیکھنا چاہتے، حکمرانوں کو پاکستان کے حالات کا اندازہ تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات پر افواج اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی گول میز کانفرنس بلائی جائے۔
نہ وزیر اعظم بیٹھ سکیں گے نہ سپیکر، اسمبلی ختم کریں،نئے انتخابات کروائیں، محمود خان اچکزئی
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے مزید کہا کہ چین ہمارا دوست ہے، اس کے افغانستان سے اچھے تعلقات ہیں، بیجنگ کو ملا کر پڑوسیوں سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک بشمول روس اور بھارت کو ملاکر ایک گول میز کانفرنس بلائی جائے۔
انہوں نے حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کے عمل پر سوال اٹھا یا اور کہا کہ جس حکومت کے پاس جائز مینڈیٹ ہی نہیں ہے اس سے کس بات کے مذاکرات ہورہے ہیں؟ محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ ہم مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کریں گے مگر جہاں یہ معاملہ ہو وہاں دعا قبول نہیں ہوتی۔