جماعت اسلامی:22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان
کراچی کی شارع فیصل پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یکجہتی غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کی دھجیاں اڑائی ہیں، اسرائیل آج بھی حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ حکمران اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ غزہ میں بربریت سے مغرب کے رہنماؤں کا چہرہ بےنقاب ہوگیا، امریکہ میں بھی 50 فیصد لوگ فلسطین کے حامی ہیں۔ دنیا کا بچہ بچہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اسرائیل کی مذمت کریں۔ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو اسرائیل تسلیم کرنے کا کہا گیا۔ لیاقت علی خان نے کہا کہ ہماری بنیاد برائے فروخت نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کر کے، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ اسرائیل فسلطین میں بچوں اور خواتین کا قتل کر رہا ہے، اہل پاکستان کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے، عالمی برادری کی اسرائیلی مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے۔