جماعت اسلامی کی غزہ سے یکجہتی، کل ملک گیر احتجاج کی کال
لاہور: صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب و امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اور امریکی سرپرستی میں صیہونی فوج کے مظالم کے خلاف 21مارچ بروز جمعتہ المبارک کو پنجاب سمیت ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ وسطی پنجاب کے تمام اضلاع میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ جماعت کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران، ارکان جماعت اورکارکنان احتجاج کریں گے۔ اسرائیل نے مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ عالمی برادری اور بالخصوص مسلم دنیا کو یک زبان ہونا ہو گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں غزہ پراسرائیل کے تازہ ترین مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیا۔ملی یکجہتی کونسل کے قائدین بھی غزہ مارچ میں شرکت کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر منصورہ میں ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملی یکجہتی کونسل پنجاب کا اجلاس صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب و امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس موقع پر غلام شبیرقادری، علامہ علی اکبر کاظمی،سید طاہر بخاری،مولانا مختار احمد سواتی،پیر ارشد اویسی، محمد فاروق چوہان،مفتی محمد عمر، نوید زبیری،قاری وقار چترالی،قاری مشتاق لاہوری،حافظ خلیل حنفی،علامہ ظہیر الحسن کربلائی، عمران الحق و دیگر بھی موجود تھے۔محمد جاوید قصوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی توڑنا شرمناک اقدام ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے صرف دو دونوں میں 170بچوں 80خواتین سمیت 970افراد کو شہید کرد یا گیا ہے۔اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے اس نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عالمی برادری اور انسانیت کی علمبر دار این جی اوز خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ اجلاس میں ملک میں ہونے والی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے براہ راست بھارت ملوث ہے۔ ہندوستان یہ بر داشت ہی نہیں کر سکتا کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو اور معاشی لحاظ سے مستحکم ہو۔گجرات کے قصائی مودی کی دہشت گردی بھارت کے اندر اور باہر بے بقاب ہو چکی ہے مگر عالمی برادری گٹھ جوڑ کی وجہ سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اصل دشمن کے خلاف حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، افغانستان کے ساتھ مسائل کو مشاورت کے ساتھ حل کیا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے جامعہ پنجاب کے گرینڈ افطار ڈنر میں غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کرنے اور پولیس کے ذریعے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی یہ گزشتہ چالیس سال سے روایت رہی کہ طلبہ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔طلبہ کی تعمیری و فلاحی سرگرمیوں کو ابھارنے کی بجائے یونی ورسٹی انتظامیہ تشدد کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔