افغان وزیر دفاع کا دورہ بھارت،ترجمان دفترخارجہ کا تبصرے سے گریز
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ہم کسی ملک کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہر ریاست کو خود مختار حیثیت میں اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔ ہم بھارت اور افغانستان کو خود مختار اور آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، بھارت کو پاکستان نے بھرپور جواب دیا، مسلح افواج نے دشمن کے 6 جنگی طیارے گرائے، پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کےلیے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان مسائل کے پُرامن حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان دہشت گردی پر بات چیت سے نہیں گھبراتا، ہم خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور اس کا درد جانتے ہیں۔